ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بنگلورو: یوم آزادی تقریبات کیلئے حفاظتی انتظامات سخت: پرمیشور

بنگلورو: یوم آزادی تقریبات کیلئے حفاظتی انتظامات سخت: پرمیشور

Fri, 12 Aug 2016 12:28:28    S.O. News Service

بنگلورو۔11/اگست(ایس او نیوز) یوم آزادی کے موقع پر شہر بنگلور اور ریاست بھر میں سخت حفاظتی انتظامات کرنے کی پولیس حکام کو ہدایت دی جاچکی ہے۔ یہ کہا گیا ہے کہ نظم وضبط میں کسی طرح کا خلل واقع نہ ہونے پائے یہ ہر حال میں یقینی بنایا جائے۔ یہ بات آج وزیر داخلہ ڈاکٹر جی پرمیشور نے کہی۔ وکاس سودھا میں اعلیٰ پولیس عہدیداروں کے ساتھ میٹنگ کے دوران ڈاکٹر پرمیشور نے کہاکہ حال ہی میں میسور کی عدالت کے احاطہ میں ہوئے بم دھماکہ کے پیش نظر سیکورٹی میں کسی طرح کی ڈھیل نہ دی جائے۔ یوم آزادی تقریبات کو بے خوف وخطر منانے کا ماحول عوام کو مہیا کرانے کی ذمہ داری حکومت اور پولیس پر عائد ہوتی ہے، خاص طور پر ریلوے اسٹیشنوں، ایرپورٹ، بس اسٹانڈوں وغیرہ میں مشتبہ عناصر کی سرگرمیوں پر نظر رکھنے پولیس اور انٹلی جنس محکمہ کو ہدایت دیتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ایسے عناصر کی نشاندہی میں مرکزی خفیہ ایجنسیوں کے ساتھ مسلسل تال میل رکھا جائے۔پڑوسی ریاستوں میں انسداد دہشت گردی اسکواڈ کام کررہے ہیں، ان سے بھی معلومات کے تبادلے پر زور دیا گیا۔ انہوں نے کہاکہ اب تک کرناٹک کے امن میں کسی بھی حلقہ سے خلل ڈالنے کی کوئی کوشش نہیں ہوئی ہے اور انہیں یقین ہے کہ ایسی کوشش ہونے بھی نہیں دی جائے گی۔ یوم آزادی کے دوران حالات کو بگاڑنے کیلئے سماج دشمن طاقتیں کوشاں ہیں۔ ان طاقتوں کو سختی سے کچلنے کی ضرورت ہے۔ وزیر موصوف نے کہاکہ یوم آزادی کا مرکزی جلسہ فیلڈ مارشل مانک شا پریڈ گراؤنڈ میں منایا جائے گا اس کے علاوہ تمام اضلاع میں بھی یوم آزادی کے جلسے منعقد ہوں گے، ان تمام جلسوں کیلئے سخت سے سخت حفاظتی انتظامات یقینی بنائے جائیں۔ میٹنگ میں ڈائرکٹر جنرل آف پولیس اوم پرکاش، شہر کے پولیس کمشنر این ایس میگرک، ایک اور ڈی سی پی ایم این ریڈی وغیرہ  موجود تھے۔
 


Share: